اسلام آباد: توشہ خانہ ریفرنس میں مسلسل عدم پیشی پر احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت نمبر 3 کے جج سید اصغر علی نے توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت کی، نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر عباسی، تفتیشی افسر اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی عدالت کے روبرو پیش ہوئے جب کہ نواز شریف اور آصف زرداری پیش نہیں ہوئے۔
سابق وزیراعظم اور پیپلز پارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی نے حاضری سے مستقل استثنیٰ کی درخواست دائر کردی۔ جس میں استدعا کی گئی ہے کہ کورونا کی وجہ سے بار بار پیش ہونا مشکل ہے اس لیے استثنیٰ دیا جائے۔
فاروق ایچ نائیک نے آصف زرداری کی طرف سے وکالت نامہ جمع کراتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری کراچی میں ہیں اور بیمار ہیں، انہیں ذاتی حیثیت میں طلب نہ کیا جائے، انہوں نے پہلے بھی مقدمات کا سامنے کیا ہے، وہ کہیں نہیں بھاگیں گے۔ عدالت نے سابق صدر زرداری کی آج کی حاضری سے استثنی ٰکی درخواست منظور کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر پیش ہونے کا حکم دے دیا۔
سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر کی جانب سے ملزم نواز شریف کے ملک سے باہر ہونے سے متعلق قانون کے مطابق کارروائی کرنے کی استدعا کی۔ جس پر عدالت نے نواز شریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے دفتر خارجہ کو برطانیہ میں پاکستانی سفارت خانے کے ذریعے وارنٹس کی تعمیل کا حکم دے دیا۔