کراچی: ملک میں بین الاقوامی فضائی کمپنیوں کی پروازوں کو جزوی طور پر بحال کردیا گیا جس کا نوٹم جاری ہوگیا ہے۔
حکومت پاکستان کی ہدایت پر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے غیرملکی پروازوں کو پاکستانی ہوائی اڈوں پر لینڈنگ کی اجازت دے دی۔ تمام ایئرپورٹ پر غیر ملکی ایئرلائنز کے ایک ایک طیارے کو یومیہ لینڈنگ کی اجازت ہوگی جو پاکستان سے مسافروں کو لے کر روانہ ہوسکیں گی۔
29 غیر ملکی ایئرلائنوں کو بین الاقوامی فضائی اجازت دی گئی ہے جن میں سے 25 ایئر لائنوں نے آپریشن فوری شروع کرنے کی ہامی بھرلی ہے۔ سی اے اے شعبہ ایئر ٹرانسپورٹ نے اجازت کے حوالے سے باقاعدہ نوٹم جاری کردیا ہے جس کا اطلاق آج رات 12 بجے سے 30 جون تک ہے۔
غیر ملکی پروازیں بطور فیری فلائٹس (بغیر مسافروں کے جہاز) پاکستانی ایئر پورٹس پر اتریں گی اور یہاں سے مسافروں کو لے کر بیرون ملک روانہ ہوسکیں گی۔
اس حوالے سے پروازوں کو معیاری طریقہ کار (ایس او پیز) پر عمل درآمد کرنا ہوگا اور سماجی فاصلے کی شرط پرعمل لازم ہوگا۔