کراچی: باہر ملکوں سے کراچی پہنچنے والے مسافروں کی بڑی تعداد کورونا میں مبتلا نکلی۔
نجی ٹی وی کے مطابق بیرون ملک سے کراچی پہنچنے والے 401 مسافروں میں کورونا ٹیسٹ مثبت آئے، کورونا کے مثبت مسافر 15 پروازوں کے ذریعے کراچی پہنچے تھے، گزشتہ 15 دنوں کے دوران بیرون ممالک سے 15 پروازیں 2348 مسافروں کو لے کر کراچی پہنچیں جن میں سے 401 مسافروں میں کورونا مثبت آیا، 1714 مسافروں کو گھر جانے کی اجازت دی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سب سے زیادہ کیس 29 اپریل کو شارجہ سے کراچی پہنچنے والی پرواز میں تھے جس میں 127 مسافروں میں ٹیسٹ مثبت آئے، ایئر عربیہ کی پرواز 29 اپریل کو شارجہ سے کراچی پہنچی تھی، 214 مسافروں میں سے127 مسافروں کے ٹیسٹ مثبت آئے تھے، 18 اپریل کو کراچی سے جکارتہ پہنچنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے889 کے ذریعے 221 مسافرپہنچے، جکارتہ پرواز کے 36 مسافروں کے ٹیسٹ مثبت آئے۔
ذرائع نے بتایا کہ 20اپریل کو دبئی سے کراچی پہنچنے والی پی آئی اے کی پروازکے 16مسافروں میں کورونا مثبت آئے، 24 اپریل کو کوالالمپور سے کراچی پہنچنے والی پی آئی اے پروازکے 10 مسافروں میں کورونا مثبت آیا، کورونا ٹیسٹ مثبت آنے والے مسافروں کو ایکسپوسینٹر اور گڈاپ میں قرنطینہ سینٹر منتقل کردیا گیا۔