بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کے لیے پی آئی اے کی جانب سے اچھی خبر آ گئی ہے

کراچی: بیرون ملک پھنسے ہوئے پاکستانیوں کے لیے ایک اور اچھی خبر آ گئی ہے، کرونا وائرس کے پیش نظر پی آئی اے کی ریلیف فلائٹس میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق عالمی پروازوں کی بندش کی وجہ سے بیرون ملک پاکستانی محصور ہو کر رہ گئے ہیں، ان کی وطن واپسی کے لیے پی آئی اے ہفتے سے 13 اپریل تک 6 خصوصی پروازیں آپریٹ کرے گی۔پی آئی اے اپنے ہم وطنوں کو پاکستان پہنچانے کے لیے بوئنگ 777 طیاروں کا استعمال کرے گی جس سے 500 کے قریب ہم وطنوں کو واپس وطن پہنچایا جائے گا، اس سلسلے میں پی آئی اے نے ریلیف فلائٹ سے متعلق شیڈول بھی جاری کر دیا ہے۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق 10 اپریل کو روانہ ہونے والا پی آئی اے کا طیارہ ڈنمارک سے سفارتی عملے سمیت پاکستانی شہریوں کو واپس لائے گا، 11 اپریل کو آذربائجان کے شہر باکو روانہ ہونے والی خصوصی پرواز 125 پاکستانیوں کو واپس لائے گی۔ 11 اپریل ہی کو روانہ ہونے والی پرواز کوالالمپور سے 16 دن سے پھنسے 175 پاکستانی واپس لائے گی، کوالالمپور کی پرواز جاتے ہوئے ملائیشیا اور سنگاپور کے سفارتی عملے اور شہریوں کو بھی لے کر جائے گی۔