نئی دہلی: بھارت کے شمال مشرقی علاقے سے تعلق رکھنے والے والدین نے کرفیو کے دوران پیدا ہونے والی بچی کا نام ’کرونا‘ رکھ دیا۔
ریاست اترپردیش کے علاقے گورکھ پور میں بچی کی پیدائش اُس وقت ہوئی جب ملک بھر میں حکومت کی جانب سے کرفیو نافذ کیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ بھارتی حکومت نے کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے 22 مارچ کو کرفیو نافذ کیا تھا اور عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ گھروں تک ہی محدود رہیں۔
گورکھ پور سے تعلق رکھنے والے شہری نتیش تریپاتھی (ماموں) کا کہنا تھا کہ بچی کی پیدائش اتوار کے روز اُس وقت ہوئی جب شہر میں کرفیو لگا ہوا تھا، ہمیں اپنی بہن کو اسپتال لانے میں بہت زیادہ مشکل کا سامنا کرنا پڑا۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہم نے بچی کا نام کرونا رکھا ہے اور اب اسی نام سے ہی سرکاری دستاویز میں اُس کا اندراج کروائیں گے۔ ترپاتھی کا کہنا تھا کہ میں نے بچی کی والدہ (راگنی ترپاتھی) سے بھی کرونا نام رکھنے کی اجازت لی جس پر انہوں نے رضا مندی ظاہر کردی۔