چندی گڑھ : بھارت کی ریاست چندی گڑھ میں ایک چیتے نے گھر میں گھس کر افراتفری پھیلادی، وائلڈ لائف کے عملے نے پانچ گھنٹے کی جوجہد کے بعد اسے پکڑ کر قابو کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق بھارت کی ریاست چندی گڑھ کے محمکہ جنگلات کے عملے کو اطلاع ملی کہ چندی گڑھ کے سیکٹر 5 میں واقع ایک گھر میں ایک چیتا گھس گیا ہے، جسے سی سی ٹی وی میں دیکھا گیا ہے۔
گھر میں داخل ہو جانے والے چیتے کی وجہ سے علاقے میں بھگڈر مچ گئی، ریاست کے محکمہ جنگلات کے عہدیدار نے بتایا کہ یہ چیتا صبح آٹھ بجے گھر کے لان میں ٹہل رہا تھا، تاہم اس کے کسی پر حملے کی اطلاع نہیں ملی۔
بعد ازاں محکمہ جنگلات کا عملہ ضروری سامان اور ایک لوہے کے مضبوط جنگلے کے ساتھ اس گھر کے باہر پہنچ گیا اور علاقہ مکینوں کو خبردار کرکے کارروائی کا آغاز کردیا۔
ریسکیو ٹیم نے سیفٹی جال کے ساتھ اس مقام کو گھیر لیا تاکہ اس بات کو یقینی بنائے جاسکے کہ چیتا فرار نہ ہو، پانچ گھنٹے کی مسلسل جدوجہد کے بعد چیتے کو بے ہوش کرکے اسے جنگلے میں ڈال دیا گیا۔
اس حوالے سے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ چیتے کی طبیعت اب کافی بہتر ہے اور اسے قریبی جنگل میں چھوڑ دیا گیا ہے۔