اسلام آباد : بھارتی وزارت خارجہ کے بے بنیاد الزامات مسترد کرتے ہوئے پاکستان نے کہا ہے کہ ایسے الزامات بھارتی ہائی کمیشن کی غیرقانونی سرگرمیاں چھپا نہیں سکتے۔
پاکستان نے ایک بار پھر بھارت کی لفظی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے بے بنیاد الزامات کی تردید کردی، ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی الزامات پاکستانی ہائی کمیشن کے اسٹاف میں کمی کے لیے بہانہ ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ہائی کمیشن کےعملے میں کمی پر ویانا کنونشن کے الزامات بے بنیاد ہیں اور پاکستان ویانا کنونشن کی خلاف ورزی کے بھارتی الزامات مسترد کرتا ہے۔پاکستانی وزارت خارجہ نے کہا کہ پاکستانی سفارت کار ہمیشہ سفارتی اصولوں کے دائرہ کار میں رہتے ہیں، بھارتی سفارتی عملے کو اسلام آباد میں دھمکانے کے الزامات مسترد کرتے ہیں۔
پاکستان کی جانب سے بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ بھی طلب کیا اور انہیں ہائی کمیشن عملے میں 50 فیصد کمی کے فیصلے سے آگاہ کیا۔ترجمان نے کہا کہ ایسے الزامات بھارتی ہائی کمیشن کی غیر قانونی سرگرمیاں چھپا نہیں سکتے، بھارتی ہائی کمیشن کے ارکان غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہائے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ بھارت نے پاکستانی ہائی کمیشن عملے میں 50 فیصد کمی کے بہانے الزامات لگائے تھے۔ قبل ازیں قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تیز رفتاری سے گاڑی چلاتے ہوئے پاکستانی شہری کو زخمی کرنے اور جعلی کرنسی کے جرم میں ملوث دو بھارتی ہائی کمیشن اہلکاروں کو پاکستان نے واپس بھارت بھیج دیا تھا۔