سری نگر: وادی جنت نظیر کشمیر کے ضلع پلوامہ میں بھارتی فوج کی جارحیت سے مزید 3 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے، دو دنوں میں شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد 5 ہوگئی۔
کشمیر میڈیا سیل کے مطابق ضلع پلوامہ میں قابض بھارتی فوج نے داخلی اور خارجی راستوں کو بند کرکے سرچ آپریشن کیا، گھر گھر تلاشی کے دوران خواتین سے بدتمیزی کی گئی اور بزرگوں بچوں کو ہراساں کیا گیا جب کہ نوجوانوں کو غیر قانونی طور پر گرفتار کیا گیا۔
اس دوران قابض بھارتی فوج کی فائرنگ سے 3 نوجوان شہید ہوگئے، بھارت نواز کٹھ پتلی انتظامیہ نے غیر آئینی سرچ آپریشن کا دفاع کرتے ہوئے شہید ہونے والے نوجوانوں کو دہشت گرد ثابت کرنے کی ناکام کی کوشش کی، تاہم اس حوالے سے شواہد پیش کرنے میں ناکام رہے۔
گزشتہ روز بھی اسی علاقے میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں 2 نوجوانوں کو شہید کردیا گیا تھا اس طرح تین دنوں میں پلوامہ، پونچھ اور راجوڑی میں سرچ آپریشن کے دوران شہید ہونے والے کشمیری نوجوانوں کی تعداد 18 ہوگئی ہے۔