بلوچستان، تعلیمی اداروں میں کورونا کے 16 نئے کیسز رپورٹ

بلوچستان میں تعلیمی ادارے کھولنے کے تیسرے مرحلے کے تحت صوبے میں آج سے تمام پرائمری اسکولز کھول دیے گئے ہیں جبکہ بلوچستان کے تعلیمی اداروں میں کورونا وائرس کے 16 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد بلوچستان کے تعلیمی اداروں میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی تعداد 541 ہوگئی ہے۔ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی کا کہنا ہے کہ موسم سرما کی وجہ سے اسکولوں کے اوقات کار بڑھا دیے گئے ہیں۔ سرکاری اسکول میں 9 بجے اور نجی اسکولز میں ساڑھے 9 بجے سے کلاسز کا آغاز ہوگا۔حکومت کی جانب سے جاری کی گئی ہدایات پر عملدر آمد کو یقینی بنانے کے لیے محکمہ تعلیم کی مختلف ٹیمیں اسکولوں کا دورہ کر رہی ہیں اور ایس او پیز پر عملدر آمد کا جائزہ لے رہی ہیں۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری ایس او پیز کے مطابق ایک کلاس روم میں اگر 40 بچے پڑھتے ہیں تو ایک دن 20 بچے آئیں گے اور اگلے دن 20 بچوں کو اسکول بلایا جائے گا۔