بجلی بلوں میں ریلیف نہ مل سکا، آئی ایم ایف کا صنعتوں سے مراعات واپس لینے کا مطالبہ

اسلام آباد: بجلی بلوں پر ریلیف کے معاملے میں وزارت خزانہ، وزارت توانائی اور آئی ایم ایف کے درمیان پیش رفت نہ ہوسکی۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے پاکستان سے بجلی خود پیدا کرنے والی صنعتوں کو دی گئی مراعات واپس لینے کا مطالبہ کردیا۔
ذرائع کا کہنا ہے آئی ایم ایف نے مطالبہ کیا کہ بجلی بنانے والی صنعتوں کے لیے گیس نرخوں میں فوری اضافہ کیا جائے، بجلی بنانے والی صنعتوں کے لیے گیس نرخوں میں اضافہ جولائی 2023 سے نافذ کیا جائے۔
ذرائع کا بتانا ہے آئی ایم ایف نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی بنانے والی صنعتوں کے لیے رعایتی ٹیرف ختم کرکے نرخوں میں اضافے کا پلان فراہم کیا جائے۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کا یہ مطالبہ بھی ہے کہ صارفین کو ریلیف دینے کے لیے پاور سیکٹر کا نظام درست کیا جائے۔
ذرائع کا کہنا ہے بجلی بلوں پر ریلیف پلان کی آئی ایم ایف شرائط پر عمل درآمد کے لیے وقت مانگا گیا ہے۔
خیال رہے کہ بجلی کے بھاری بھر کم بلوں میں ریلیف کے لیے حکومت پاکستان نے آئی ایم ایف سے رابطہ کیا تھا تاہم آئی ایم ایف نے پاکستان سے اس حوالے سے تحریری پلان طلب کیا تھا، نگراں وفاقی حکومت کی جانب سے آئی ایم ایف کو تحریری پلان بھی پیش کیا گیا تھا۔

 

Electricity BillsGovt of PakistanIMFNo Relief