کورونا کے وار کے باعث ہسپانوی فٹ بال کلب بارسلونا نے کھلاڑیوں کی بھاری تنخواہوں میں 70 فیصد کٹوتی کا فیصلہ کر لیا۔کورونا وائرس کے باعث کھیلوں کے میدان ویران ہونے لگے۔ دیگر کھیلوں کی طرح فٹ بال کا شعبہ بھی زیر بحران ہے۔ ایسے میں سپین کے فٹ بال کلب بارسلونا نے اپنے اربوں پتی کھلاڑیوں کی تنخواہوں میں 70فیصد تک کٹوتی کا فیصلہ کیا تو کھلاڑی برہم ہو گئے۔
بارسلونا اپنے کھلاڑیوں کو ہر ہفتے لاکھوں پاؤنڈ میچ فیس کی مد میں ادا کرتا ہے ۔ سپر سٹار لیونل میسی ہفتہ وار پانچ لاکھ پاؤنڈ یعنی ماہانہ 20 لاکھ پاؤنڈ معاوضہ وصول کرتے ہیں ،انٹونیوگریزمین دو لاکھ 94 ہزار پاؤنڈ فی ہفتہ، لوئس ساریز اور گیراڈ پیکو فی کس دو لاکھ 90 ہزار پاؤنڈ فی ہفتہ معاوضہ وصول کرتے ہیں۔
فٹ بال ایونٹس منسوخ ہونے کی وجہ سے کلب کی کمائی میں خاطرخواہ کمی ہوئی ہے۔
کھلاڑیوں نے بھی خود کو اپنے گھروں میں قرنطینہ کر رکھا ہے۔ بارسلونا کلب انتظامیہ کا کہنا ہے انہوں نے عارضی طور پر یہ فیصلہ کیا ہے تاہم کھلاڑی فیصلہ مانتے نظر نہیں آرہے۔دوسری جانب اٹلی کے بعد سب سے متاثر ہونے والے ملک سپین میں کورونا سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 4 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔ہلاکتوں میں مسلسل اضافے کے پیش نظر ہسپانوی پارلیمنٹ نے حکومت کو عوام کو گھروں میں رکھنے کے اقدامات سخت کرنے اور کاروبار 11 اپریل تک بند رکھنے کی اجازت دے دی۔