وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی سےمتعلق تازہ اعدادوشمارجاری کر دیے، رواں ماہ کے پہلے ہفتے میں مہنگائی میں 1.24 فیصد اضافہ ہوا ، جس کے بعد ملک میں مہنگائی کی شرح رواں مالی سال کی بلند ترین سطح گیارہ اعشاریہ دو چار فیصد تک پہنچ گئی۔ ملک میں مہنگائی رواں سال کی بلند ترین سطح پر آگئی اور مہنگائی کی شرح 11.24 فیصد تک جا پہنچی ، ایک ہفتے میں ٹماٹر، پیاز، آلو، انڈے ،مرغی، آٹا ، چینی مہنگی ہوئی۔تفصیلات کے مطابق ملک میں بنیادی اشیائے ضروریہ عوام کی پہنچ سے دور ہوگئیں، سبزی ، آٹا، چینی ،انڈے سب کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں ہیں۔وفاقی ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ حالیہ ہفتے میں چوبیس اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، صرف چار میں کمی جبکہ تیئیس میں استحکام رہا۔
اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ سال کے مقابلے بیس کلو آٹے کا تھیلا ایک سو 62 روپے، ٹماٹر انہتر روپے، انڈے چھیالیس روپے، آلواٹھائیس روپے اور دال مونگ اکہتر روپے،ماش تریسٹھ روپے اور مسور پینتیس روپے مہنگی ہوگئی ۔دوسری جانب لہسن پچیس روپے ، پیاز ایک روپے اور ایل پی جی ایک سو ننانوے روپے سستی ہوگئی۔