سعودی عرب: ایک سے دوسرے شہر سفر کرنے والا شخص اپنے گھر کورونا وائرس کو بھی ساتھ لے آیا، کورونا سے بزرگ والد جاں بحق ہوگئے جبکہ خاندان کے دیگر 16 افراد بھی وائرس کا شکار ہوگئے۔سعودی وزارت صحت نے کہا ہے کہ احتیاطی تدابیر کو نظر انداز کرنے پر ایک شخص کورونا وائرس سے متاثر ہو کر چل بسا جبکہ اس کے خاندان کے دیگر 16 افراد جن میں اس کی اہلیہ بھی شامل ہے، وائرس سے متاثر ہوگئے۔وزارت صحت کا کہنا ہے کہ مذکورہ شخص کا بیٹا دوسرے شہر سے سفر کر کے اپنے والدین اور اہلخانہ سے ملنے کے لیے آیا تھا، اس نے سب سے مصافحہ کیا اور وائرس سے بچاؤ کی حفاظتی تدابیر پر عمل نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے ماحول میں بزرگ والدین سے ملاقات پر پابندی نہیں لگائی جا سکتی البتہ ملاقات کرتے وقت وائرس سے بچاؤ کی حفاظتی تدابیر کی پابندی ضرور کی جائے۔