لاہور: پچھلے ایک مہینے کے دوران ثناء فخر اور فخر جعفری، عمران اشرف اور کرن اشفاق، فیروز خان اور علیزے کی جوڑیاں ٹوٹ چکی ہیں اور اب سینئر اداکارہ دیبا بیگم کی صاحبزادی اداکارہ مدیحہ رضوی اور اداکار حسن نعمان کے درمیان طلاق واقع ہوئی ہے۔
اداکارہ مدیحہ رضوی نے گزشتہ روز انسٹاگرام پر پوسٹ شیئر کی، جس میں انہوں نے تصدیق کی کہ حسن نعمان اور انہوں نے علیحدہ ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
مدیحہ رضوی نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ کئی سال ایک ساتھ گزارنے کے بعد خوش اسلوبی سے حسن اور میں نے طلاق کا حتمی فیصلہ کرلیا ہے۔
انہوں نے لکھا کہ ہم نے رشتے میں بہتری کی بہت کوشش کی، اس کے لیے کچھ وقت ساتھ اور الگ بھی رہے کہ اس رشتے کے لیے کیا بہتر ثابت ہوسکتا ہے جس کے بعد آخری فیصلہ یہ کیا گیا کہ طلاق ہی بہتر حل ہے۔
مدیحہ کا کہنا تھا کہ ہم آج بھی اور مستقبل میں بھی ایک خاندان ہی ہیں، کیوں کہ ہم اپنی بچیوں کی پرورش مل کر کریں گے، ہم سب سے اپیل کرتے ہیں کہ اس مشکل وقت میں ہماری پرائیویسی کا خیال رکھا جائے اور ہمیں دعاؤں میں یاد رکھیں۔
دھیان رہے کہ مدیحہ اور حسن کی شادی 2013 میں ہوئی تھی اور ان کی دو بیٹیاں ہیں۔
مدیحہ رضوی ماضی کی مشہور اداکارہ دیبا کی بیٹی ہیں جب کہ اداکار حسن نعمان معروف اداکار رشید ناز کے صاحبزادے ہیں۔