اسلام آباد: 4 مئی سے قانون نافذ کرنے والے ادارے انسداد اسمگلنگ اختیارات استعمال کرسکیں گے۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزارت قانون اور ایف بی آر کے مشترکہ اجلاس میں اینٹی اسمگلنگ آرڈیننس پر عمل درآمد کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اہم ٹاسک سونپ دیا گیا، کے پی کے اور بلوچستان میں ایف سی جب کہ پنجاب اور سندھ میں رینجرز کو اسمگلنگ روکنے کے اختیارات دیے گئے ہیں۔
ترجمان وزارت قانون کے مطابق پاکستان کوسٹ گارڈز بھی اسمگلنگ روکنے کے لیے اقدامات کریں گے اور تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے بارڈر کے پانچ کلومیٹر حدود میں اختیارات استعمال کر سکیں گے، سیکیورٹی ادارے 4مئی سے انسداد اسمگلنگ اختیارات استعمال کرسکیں گے جب کہ ضبط شدہ سامان کی تفصیلات ایف بی آر کے ساتھ شیئر کی جائیں گی۔