اسلام آباد: مرکزی حکومت نے ملک بھر میں تیزی سے بڑھتے کورونا کیسز کے پیش نظر اسمارٹ لاک ڈاؤن میں سختی کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی زیرصدارت ملک میں کورونا وائرس کی صورت حال پر اجلاس ہوا، جس میں لاک ڈاؤن سخت کرنے کے آپشن پر غور کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پہلے مرحلے میں عوام کو کورونا سے بچانے کے لیے ضابطہ اخلاق پر عمل کرانے کی تلقین کی جائے گی، چاروں صوبوں اور آزاد کشمیر گلگت بلتستان کی سیاسی قیادت عوام کو ایس او پیز پر عمل درآمد کی تلقین کرے گی۔
ذرائع کے مطابق سیاسی قیادت کے ذریعے عوام کو ایس اوپیز پر عمل درآمد کی تلقین کی جائے گی، ایس او پیز پر عمل درآمد نہ کیا گیا تو لاک ڈاؤن سخت کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد سے ملک میں کورونا کیسز کی تعداد میں ہولناک اضافہ ہوا ہے اور ایک ماہ میں مصدقہ مریض دگنے سے زائد ہوگئے ہیں۔