ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والی مارکیٹوں کو وارننگ

کمشنر کراچی کی ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والی مارکیٹوں کو وارننگ

کراچی : پابندی کے باوجود دکانیں کھولنے کی شکایتوں پر کمشنر کراچی نے ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والی مارکیٹوں کو وارننگ دے دی اور کہا کہ پابندی نہ کرنے والے دکاندار دکانیں نہ کھولیں ورنہ سخت کارروائی ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق کمشنر کراچی نے کاروبار پر پابندی کی خلاف ورزی کر نے کا نوٹس لے لیا اور تنبیہ نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا کہ تاجر ایس او پیز پر عملدرآمد کی ذمہ داری پوری کریں،اس حوالے سے ڈپٹی کمشنرز ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرائیں۔کمشنر کراچی نے تمام اضلاع کے ڈی سیز کو ہدایت جاری کر دی ہے ، جس میں کہا گیا ہے کہ جس کاروبار پر حکومت نے پابندی عائد کی ہے وہ خلاف ورزی نہ کریں۔ کمشنر کراچی کے اعلامیہ کے مطابق حکومت کے احکامات کے مطابق جس کاروبار اور سرگرمی کی اجازت نہیں، ان میں تعلیمی اور تربیتی انسٹی ٹیوٹس، میرج ہالز، بزنس سینٹرز، ایکسپو ہالز، تمام انڈور اسپورٹس کلبس، انڈور جمزاور اسپورٹس فیسی لیٹیز، اور کانٹیکٹ اسپورٹس، انڈور اور آوٹ ڈور کھیلوں کے ٹورنامنٹس شامل ہیں۔