واشنگٹن: امریکا کے شہر سیئٹل میں کورونا وائرس کے انسداد کی ویکسین کا انسانوں پر کلینیکل ٹرائل شروع کردیا گیا۔
امریکی نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تقریباً چھ ہفتوں کے دوران 45 رضاکاروں پر ویکسین کا کلینیکل ٹرائل کیا جائے گا، جن کی عمریں 18 سے 55 سال کے درمیان ہیں۔ پہلے رضا کار کونئی ویکسین دے دی گئی ہے، تاہم ابھی مختلف مراحل میں اس کے موثر اور انسانی استعمال کے لیے محفوظ ہونے کا جائزہ لیا جائے گا۔
ویکسین کو ایم آر این اے 1273 کا نام دیا گیا ہے، اسے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ کے سائنسدانوں نے ایک بائیو ٹیکنالوجی کمپنی کے تعاون سے تیار کیا ہے۔ انسٹیٹیوٹ کے سربراہ انتھونی فیوسی کے مطابق کلینیکل ٹرائل کا دورانیہ کم از کم ایک سال سے 18 ماہ تک ہوسکتا ہے۔