امسال ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا انعقاد ممکن نہیں، کرکٹ آسٹریلیا

سڈنی: غیر رسمی طور پر کرکٹ آسٹریلیا نے تصدیق کی ہے کہ رواں سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا انعقاد ممکن نہیں ہوگا۔
جمعہ کو ویڈیو کال پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے سی اے کے چیف ایگزیکٹو کیون رابرٹس نے کہا کہ اکتوبر، نومبر میں میگا ایونٹ کروانے کی امید کرتے رہے لیکن اب کہا جاسکتا ہے کہ یہ ہائی رسک ہوگا۔ انہوں نے آئندہ سال فروری، مارچ یا اکتوبر، نومبر میں نئی ونڈوز کی نشان دہی بھی کی۔
واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2020 آسٹریلیا میں شیڈول ہے جب کہ 2021 کا میزبان بھارت ہے، اگر آسٹریلیا میں شیڈول ایونٹ ملتوی کرکے اگلے سال کروایا جاتا ہے تو بھارت کو بھی ایک سال کی تاخیر گوارا کرنا ہوگی جس کے لیے وہ آمادہ نظر نہیں آتا۔
بی سی سی آئی کی کوشش ہے کہ رواں سال ورلڈکپ ملتوی کیا جائے تاکہ اس کو آئی پی ایل کروانے کا موقع مل سکے اور آسٹریلیا میگا ایونٹ کی میزبانی اکتوبر 2022 میں کرے۔