امسال صدقہ فطر کم سے کم 125 مقرر

کراچی: مفتی منیب الرحمان نے رواں سال کے لیے صدقہ فطر کی کم سے کم رقم 125 روپے مقرر کی ہے۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمان کا کہنا ہے کہ صدقہ فطر اور فدیہ کی کم ازکم مقدار چکی کا آٹا 2 کلو گرام 125روپے فی کس ہے، گندم کے حساب سے یہ فطرہ کی کم سے کم رقم ہے جب کہ جو کے نصاب سے فطرہ 320روپے اور کھجور کے نصاب سے 1600 روپے ہے، کشمش کے نصاب سے 1920 روپے اور پنیر کے نصاب سے 3540 روپے بنتا ہے ۔
مفتی منیب الرحمان نے کہا کہ اہلِ ثروت اپنی مالی حیثیت کے مطابق فطرہ و فدیہ ادا کریں، جو لوگ روزہ نہیں رکھ سکتے وہ 30 روزوں کا فدیہ بالترتیب چکی کا آٹا 3750 روپے، جو 9,600 روپے، کھجور 48,000 روپے، کشمش 57,600 روپے اور پنیر 1,06,200 روپے ادا کریں۔