امریکی شہری کا 17 سیکنڈ میں لیموں کا ایک لیٹر خالص رس پینے کا عالمی ریکارڈ

اڈاہو: امریکی شہری نے محض 17 سیکنڈ میں لیموں کا ایک لیٹر خالص رس پینے کا نیا ریکارڈ قائم کردیا۔امریکی میڈیا کے مطابق یہ ریکارڈ دلچسپ کارنامہ ہے، یہ لیموں پانی نہیں تھا بلکہ لیموں کا خالص عرق تھا جسے پینا ویسے بھی مشکل ہوتا ہے۔ اس طرح ڈیوڈ رش نے کھٹے ذائقے کو میٹھے کارنامے میں تبدیل کردیا۔
دوسری اہم بات یہ کہ لیموں کا سارا رس انہوں نے گھونٹ بھرنے کے بجائے ایک اسٹرا سے معدے میں منتقل کیا۔ ڈیوڈ رش بچوں میں سائنس، ریاضی اور ٹیکنالوجی کے شعور کے لیے بھی کام کرتے رہتے ہیں اور وہ اس کے لیے عالمی ریکارڈ پر اپنی طبع آزمائی کرتے رہتے ہیں اب تک وہ چھوٹے بڑے 100 ریکارڈ توڑ چکے ہیں۔
قبل ازیں ایک شخص آندرے آرٹولوف نے ایک لیٹر لیموں کا رس 17 سیکنڈ میں ہی ختم کیا تھا لیکن ڈیوڈ نے چند ملی سیکنڈ قبل اپنی گلاس خالی کرکے یہ ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے۔ یعنی انہوں نے 16 سیکنڈ اور 53 ملی سیکنڈ کا نیا ریکارڈ بنایا ہے۔