امریکی خام تیل کی قیمت میں زبردست گراوٹ

نیو یارک: عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو ایک مرتبہ پھر بڑا جھٹکا ، ایک روز میں امریکی خام تیل کی قیمت 40 فیصد گر گئی ۔
کورونا عفریت کے باعث پوری دُنیا میں تیل کی قیمتوں میں زبردست گراوٹ دیکھنے کو مل رہی ہے، اس دوران سعودی عرب، روس کے درمیان تیل کی قیمتوں پر ہونے والی کشیدگی کے باعث پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں زبردست کمی دیکھی گئی تھی جس کے بعد دونوں ممالک میں ’ڈیل‘ ہوئی تھی، دو روز قبل تیل کی قیمتوں میں اضافہ بھی دیکھنے کو ملا تھا۔
اب پھر خبریں آرہی ہیں کہ عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو ایک مرتبہ پھر بڑا جھٹکا لگا ہے، ایک ہی روز کے دوران امریکی خام تیل کی قیمت 40 فیصد نیچے آگئی، جس کے بعد امریکی خام تیل 11.31 امریکی ڈالر فی بیرل پر فروخت ہونے لگا ہے۔واضح رہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں 21 سال کی کم ترین سطح پر پہنچ گئیں، اس باعث پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 15 روپے فی لیٹر کمی کا امکان ہے۔