کابل: تربيتی پرواز کے دوران افغان ايئرفورس کا ایک طيارہ طالبان کے زیر تسلط علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا، تاہم امریکی پائلٹ بروقت چھلانگ لگاکر طیارے سے باہر نکلنے میں کامیاب رہا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق افغان فضائیہ کا طیارہ اے-29 سپر ٹوکانوٹو صوبے بغلان کے علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا، حادثے کے فوری بعد طیارے میں آگ بھڑک اُٹھی اور دیکھتے ہی دیکھتے وہ راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگیا۔ طیارہ ایک امریکی پائلٹ اُڑا رہا تھا، جس نے اُس کے گرنے سے قبل چھلانگ لگاکے اپنی جان بچائی۔
امريکی فوج کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ يہ طيارہ امريکی فضائيہ کا ايک زیر تربیت پائلٹ اڑا رہا تھا، تاہم پائلٹ پیراشوٹ کی مدد سے بروقت طیارے سے چھلانگ لگانے میں کامیاب رہا۔ حادثے کے بعد امریکی لڑاکا طیارے فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچے اور پائلٹ کو بحفاظت ہسپتال منتقل کیا۔
افغان حکام کا طیارہ حادثے میں دہشت گردی کے عنصر کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق طیارے کو حادثہ مکینیکل خرابی کے باعث پیش آیا، تاہم حادثے کی تفتيش کے لیے ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ پائلٹ کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ طیارہ افغانستان کے شمال مشرقی صوبے بغلان کے ضلع دوشی کے قريب گرا، یہ علاقہ طالبان کا گڑھ سمجھا جاتا ہے تاہم طالبان کی جانب سے طیارے حادثے سے متعلق کوئی دعویٰ سامنے نہیں آیا ہے۔