اسلام آباد: عدالت عظمی نے ایک کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیے کہ جڑواں شہروں میں قبضہ مافیا کا راج ہے اور ریاست کی کوئی رٹ نہیں۔
سپریم کورٹ نے اسلام آباد میں پلاٹ پر قبضے کے ملزمان کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔
عدالت نے تھانہ کورال کے تفتیشی افسر انسپکٹر تصدق حسین کو بے ایمان قرار دیتے ہوئے کہا کہ تفتیشی افسر تصدق حسین ایمان دار افسر نہیں لگتا، وہ 16 فروری سے اب تک زمین کی ملکیت کا تعین نہیں کرسکا، اس نے عبوری چالان میں دونوں فریقین کے لیے گنجائش رکھی، وہ ڈیمانڈ پوری کرنے والے فریق کو حتمی چالان میں ایڈجسٹ کرے گا، بے ایمانی کی بھی کوئی حد ہوتی ہے، تفتیشی افسر نہ جانے کیوں اپنی نوکری تباہ کرنے پر تلا ہوا ہے، سارے تفتیشی افسر فارغ ہوجائیں گے۔
جسٹس قاضی امین نے ریمارکس دیے کہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں قبضہ مافیا کا راج ہے اور ریاست کی کوئی رٹ نہیں، لوگوں میں اب قانون کا کوئی ڈر نہیں رہا۔
سپریم کورٹ نے ناقص تفتیش پر آئی جی اسلام آباد کو کل طلب کرتے ہوئے آئی جی صاحب بتائیں ایسے تفتیشی افسران کا کیا کرنا ہے۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت کل تک ملتوی کردی۔