عمان: اردن کے شاہ عبد اللہ دوم کا کہنا ہے کہ اسرائیل مغربی کنارے میں یہودی آباد کاروں کی مزید توسیع سے باز رہے، بصورت دیگر سخت ردعمل آئے گا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق اردن کے بادشاہ عبداللہ دوم نے ایک انٹرویو میں مغربی کنارے پر قابض اسرائیل کے مزید یہودی آبادکاروں کو زمین دینے کے عزائم پر سخت تنقید کرتے ہوئے اس عمل کو عالمی قوانین کی خلاف ورزی اور امن کو سبوتاژ کرنے کی سازش قرار دیا۔
انہوں نے اسرائیل کو مغربی کنارے کے مزید علاقوں کو ہتھیالینے سے باز رہنے کی تنبیہہ کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں ایک بھرپور اور بڑا تنازع کھڑا ہوجائے گا جو کسی کے حق میں بہتر ثابت نہیں ہوگا۔ اسرائیل کو بڑی جنگ کا سامنا ہوگا۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ اگر فلسطین نیشنل اتھارٹی ختم ہوجاتی ہے تو اس خطے میں انارکی بڑھ جائے گی اور شدت پسندی میں اضافہ ہوگا۔ مغربی کنارے پر مزید قبضے کے خواہش مند امن کے دشمن ہیں۔
یاد رہے کہ اسرائیلی وزیراعظم نے اپنے انتخابی منشور میں مغربی کنارے میں مزید یہودی خاندانوں کو آباد کرنے کا وعدہ کیا تھا اور عالمی قوتوں کی مدد سے وہ اپنے منشور پر عمل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں جسے پہلے ہی فلسطینی قیادت مسترد کرچکی ہے۔