احساس پروگرام کے دفتر پر دستی بم حملہ، ایک شہری جاں بحق، 8 زخمی

کراچی: لیاقت آباد میں احساس پروگرام کے دفتر پر دستی بم حملے میں ایک شہری جاں بحق اور 8 زخمی ہوئے ہیں۔
کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار احساس پروگرام کے دفتر کے قریب دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے، جس سے 9 افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا جب کہ ایک شہری زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔
اس دہشت گرد حملے کے فوری بعد قانون نافذ کرنے والے ادارے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور علاقے کو ٹریفک کے لیے بند کردیا جب کہ پولیس اور رینجرز حکام جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھا کررہے ہیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق دستی بم حملے میں زخمی ہونے والوں میں سلیم، روشن علی، ذیشان، فیضان، اور صابر شامل ہیں۔
دوسری جانب گورنر سندھ عمران اسماعیل نے لیاقت آباد میں احساس سینٹر پر حملے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔ گورنر سندھ نے کہا کہ احساس سینٹر کو سیکیورٹی فراہم کرنا پولیس کی ذمے داری ہے، اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، اپنے فرائض میں کوتاہی برتنے والے پولیس اہلکاروں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔