احساس پروگرام میں سیاسی مداخلت نہیں، جمعرات سے امداد کی فراہمی شروع ہوگی، وزیراعظم

اسلام آباد: احساس پروگرام کے تحت امداد کی فراہمی کا جمعرات سے آغاز ہوگا۔ ایک کروڑ بیس لاکھ خاندانوں کو فی کس بارہ ہزار روپے ملیں گے۔ان خیالات کا اظہار وزیراعظم عمران خان نے پاکستان میں کورونا وائرس کی صورت حال پر میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے بتایا کہ کنسٹرکشن انڈسٹری بھی 14اپریل سے اوپن ہوگی۔ دیہات میں زرعی شعبے کے لیے بھی کوئی لاک ڈاؤن نہیں ہوگا۔ غریب طبقے کو ریلیف کی فراہمی بڑا چیلنج ہے۔ ٹائیگرز فورس گھر گھر پہنچے گی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ جمعرات سے احساس پروگرام شروع ہو رہا ہے۔ اب تک ساڑھے 3 کروڑ افراد نے ریلیف فنڈ کے لیے ایس ایم ایس کیا ہے۔انہوں نے واضح کیا اور کہا کہ احساس پروگرام میں کسی قسم کی سیاسی مداخلت نہیں ، صرف مستحقین کو پیسے ملیں گے۔ ایک کروڑ 20 لاکھ خاندانوں کو کل سے 12 ہزار ملنا شروع ہوں گے۔
وزیراعظم نے بتایا کہ مستحقین کو رقوم کی ادائیگی کے لیے ملک بھر میں 17 ہزار پوائنٹس بنیں گے ۔ دو سے ڈھائی ہفتے کے اندر تمام مستحقین کو امداد پہنچ جائے گی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت نے ملکی تاریخ کا سب سے بڑا معاشی پیکیج دیا ہے۔ کوشش ہے کہ ایمان داری سے مستحقین تک پیسہ پہنچایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ غریب طبقےکو ریلیف دینا سب سے بڑا چیلنج ہے۔ ٹائیگر فورس گلی اور محلوں میں غریبوں تک پہنچیں گے اور ہمیں مسلسل فیڈ بیک دے گی۔عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس مغربی ممالک جیسے وسائل نہیں لیکن اس کے باجود ہمارے ڈاکٹرز اور طبی عملہ فرنٹ لائن پر کورونا وائرس کی وبا کا مقابلہ کر رہا ہے۔ انہیں حفاظتی سامان پہنچانا اولین ترجیح ہے۔
اس موقع پر معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا کہنا تھا کہ تمام صوبے احساس پروگرام کا حصہ ہیں۔ ایک کروڑ 20 لاکھ خاندانوں میں رقم تقسیم کی جائے گی۔ فی خاندان کو 12 ہزار دیے جائیں گے۔ اُن کا کہنا تھا کہ رقم کی تقسیم بائیو میٹرک کے بعد ہی ممکن ہوگی۔ احساس پروگرام میں کوئی سیاسی مداخلت نہیں ہو سکے گی۔ حق داروں کی نشاندہی کیلئے 8171 سے تصدیق کی جا سکتی ہے۔ ایک گھر میں سے ایک شخص رجسٹرڈ ہوگا۔ احساس پروگرام شفافیت پر مبنی ہے۔