آٹا چینی بحران کے ذمے دار کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم نے کہا ہے کہ آٹا چینی بحران میں جو بھی ملوث ہوا اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔
عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں کورونا وائرس کی صورت حال پر بریفنگ دی گئی۔ کابینہ نے کچھی کینال منصوبے کی تحقیقات ایف آئی اے سے لے کر نیب کے حوالے کرنے کی منظوری دے دی۔
اجلاس میں موجودہ سیاسی صورت حال، ملکی معاملات، آٹا چینی بحران کی انکوائری رپورٹ پر بھی گفتگو کی گئی۔
وزیراعظم عمران خان نے حالیہ فیصلوں پر کابینہ اراکین کو اعتماد میں لیتے ہوئے کہا کہ عوام سے رپورٹس پبلک کرنے کا وعدہ پورا کردیا، 25 اپریل کو کمیشن کی رپورٹ سامنے آنے پر مزید ایکشن ہوگا، جو بھی ملوث ہوا اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔