مظفر آباد: مالی سال 2020-21 کے لیے آزاد کشمیر حکومت نے 1 کھرب 39 ارب 50 کروڑ روپے حجم کا ٹیکس فری بجٹ پیش کردیا۔
اسپیکر شاہ غلام قادر کی زیر صدارت آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس ہوا، جس میں وزیر خزانہ ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان نے تخمینہ میزانیہ 2020-21 پیش کردیا۔
بجٹ میں ایک کھرب 15 ارب غیر ترقیاتی بجٹ کے لیے جب کہ 24 ارب 50 کروڑ ترقیاتی اخراجات کے واسطے تجویز کیے گئے ہیں۔ آمدن کا تخمینہ 1 کھرب 13 ارب 50 کروڑ روپے لگایا گیا ہے، جس میں کیپیٹل اخراجات کے لیے ڈیڑھ ارب روپے کا تخمینہ بھی شامل ہے۔
وزیر خزانہ نے مالی مشکلات کے باوجود فنڈز فراہم کرنے پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کفایت شعاری کے ساتھ مالیاتی ڈسپلن اور آزاد خطہ کی تعمیر و ترقی کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک بہترین بجٹ تیار کیا ہے۔
اجلاس میں مسلم کانفرنس کے رکن صغیر چغتائی نے پوائنٹ آف آرڈر پر بات کرنے کی کوشش کی، تاہم اسپیکر کی جانب سے اجازت نہ ملنے پر مسلم کانفرنس اور پی ٹی آئی کے ارکان واک آؤٹ کرگئے۔