راولپنڈی: آرمی چیف کا کہنا ہے کہ مشکل حالات میں ہم سب کو صبر اور ثابت قدم رہنے کی ضرورت ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ہدایت پر طبی سامان کی ایمرجنسی سپلائی کوئٹہ کے لیے روانہ کردی گئی ہے جو بلوچستان میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے مددگار ثابت ہوگی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنے بیان میں کہا کہ کورونا کے خلاف جنگ میں ڈاکٹرز اور طبی عملہ فرنٹ لائن سپاہی ہیں، کورونا سے نمٹنے کے لیے ترقی یافتہ ممالک اور وہاں کی حکومتوں کو مشکلات کا سامنا ہے تاہم حکومت ضروری وسائل اور آلات کے حصول کے لیے کوشاں ہے جب کہ مشکل حالات میں ہم سب کو صبر کرنے اور ثابت قدم رہنے کی ضرورت ہے۔