اسلام آباد: پاکستان بھر میں کورونا مریضوں میں ہولناک اضافہ جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں ریکارڈ 6472 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جس کے بعد ملک بھر میں کورونا کیسز ایک لاکھ 32 ہزار 798 ہوگئے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں سب سے زیادہ 29 ہزار 8 سو 50 کورونا ٹیسٹ کیے گئے، اس طرح اب تک آٹھ لاکھ 39 ہزار سے زائد کورونا ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔
این سی او سی کے مطابق 24 گھنٹوں میں ریکارڈ 6472 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جس کے بعد ملک بھر میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 32 ہزار 798 ہوگئی۔
پنجاب میں کورونا کیسز سب سے زیادہ ہیں اور مصدقہ مریضوں کی تعداد 50 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، صوبے میں کووڈ 19 مریضوں کی تعداد 50 ہزار 87 ہوگئی۔ سندھ میں 49 ہزار 256، خیبرپختونخوا میں 16 ہزار 415، بلوچستان میں 7 ہزار 866، اسلام آباد میں 7 ہزار 163، آزاد کشمیر میں 574 اور گلگت بلتستان میں ایک ہزار 44 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق 24 گھنٹوں میں کورونا مزید 88 زندگیاں نگل گیا، اس طرح ملک میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد 2 ہزار 551 ہوگئی ہے، پنجاب میں کورونا سے اموات کی تعداد 938 ہوگئی، اس کے علاوہ سندھ میں 793، خیبر پختونخوا میں 642، بلوچستان میں 80، اسلام آباد میں 71، آزاد کشمیر میں 11 اور گلگت بلتستان میں 16 مصدقہ مریض جان کی بازی ہار چکے۔
این سی او سی کے مطابق پنجاب میں 9 ہزار276 بیڈز، 3 ہزار 500 آکسیجن اور 387 وینٹی لیٹرز مختص ہیں جب کہ کورونا کے 233 مریض وینٹی لیٹر پر موجود ہیں۔ سندھ میں 8 ہزار 274 بیڈز، 739 آکسیجن بیڈز، 368 وینٹی لیٹرز دستیاب ہیں جب کہ کورونا کے 83 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں۔
آزاد کشمیر میں کورونا مریضوں کے لیے 379 بیڈز، 68 آکسیجن بیڈز اور 43 وینٹی لیٹرز دستیاب ہیں جب کہ کورونا کا کوئی مریض وینٹی لیٹر پر نہیں۔ اسی طرح گلگت بلتستان میں 151 بیڈز، 43 آکسیجن بیڈز اور 28 وینٹی لیٹرز دستیاب ہیں جب کہ کورونا کا ایک مریض وینٹی لیٹر پر ہے۔
خیبر پختونخوا کورونا کے مریضوں کے لیے 4 ہزار 856 بیڈز، ایک ہزار 81 آکسیجن بیڈز اور 340 وینٹی لیٹر مختص کیے گئے ہیں جب کہ کورونا کے 85 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں، اسلام آباد میں کورونا مریضوں کے لیے 514 بیڈز، 262 آکسیجن بیڈز اور 90 وینٹی لیٹرز دستیاب ہیں، کورونا کے 18 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں، بلوچستان میں کورونا مریضوں کے لیے 2 ہزار 148 بیڈز، 262 آکسیجن بیڈز ور 36 وینٹی لیٹرز دستیاب ہیں جب کہ بلوچستان میں کورونا کا کوئی مریض تاحال وینٹی لیٹر پر نہیں۔