اسلام آباد: پاکستان میں کورونا کیسز کی تعداد چین سے زیادہ ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے مزید 4 ہزار 688 نئے کیس سامنے آگئے اور 82 مریضوں کا انتقال ہوگیا۔ مریضوں کی مجموعی تعداد 85 ہزار 264 ہوگئی اور 1770 افراد جاں بحق ہوچکے۔
چین میں کورونا مریضوں کی تعداد 83 ہزار 22 ہے تاہم اموات 4 ہزار 634 ہیں۔
پاکستان میں وائرس سے اب تک 30 ہزار 128 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں اور 901 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 20 ہزار 167 ٹیسٹ کیے گئے جب کہ مجموعی طور پر اب تک 6 لاکھ 15 ہزار 511 ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔
سندھ میں مصدقہ مریضوں کی تعداد 32 ہزار 910 تک پہنچ چکی ہے۔ پنجاب میں 31 ہزار 104، خیبر پختونخوا میں 11 ہزار 373، بلوچستان میں 5 ہزار 224، اسلام آباد میں 3 ہزار 544، گلگت بلتستان 824 اور آزاد کشمیر میں 285 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔
کورونا کے باعث سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئیں جہاں 607 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں 555، خیبر پختونخوا میں 500، اسلام آباد میں 38، گلگت بلتستان میں 12، بلوچستان میں 51 اور آزاد کشمیر میں 7 افراد کورونا سے جاں بحق ہوچکے ہیں۔