کورونا کو شکست دینے کے بعد نیوزی لینڈ میں معمولات زندگی بحال

ویلنگٹن: کورونا کے خاتمے کے اعلان کے بعد نیوزی لینڈ میں لوگ معمول کی زندگی سے لطف اندوز ہونے لگے۔
آکلینڈ اور ویلنگٹن میں ریستوران اور کیفے کھل گئے، پبلک ٹرانسپورٹ بھی چلنے لگی، لوگوں نے جم میں جاکر ورزش بھی کی، زندگی کی رونقوں سے محظوظ ہونے والوں کا کہنا تھا کہ بغیر کسی پابندی کے دوسروں سے بات کرکے بہت اچھا لگ رہا ہے۔ گزشتہ روز کیوی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے اعلان کیا تھا کہ ان کے ملک میں کورونا کا ایک بھی مریض نہیں۔
دوسری جانب اسپین میں بھی لاک ڈاؤن میں نرمی کردی گئی، میڈرڈ میں فزیکل ٹریننگ کے لیے سینٹرز کھل گئے جہاں ایس او پیز کا خاص خیال رکھا گیا ہے۔ سماجی فاصلہ رکھتے ہوئے ٹریڈمل پر ٹریننگ شروع کردی گئی، مشینز کو سینیٹائز کیا گیا، بازاروں اور شاپنگ سینٹرز میں ماسک کا استعمال ضروری قرار دے دیا گیا ہے۔