کورونا کا مقابلہ متحد ہوکر کرنا ہے عوام ہیجان کا شکار نہ ہوں، صدر مملکت و وزیراعظم

اسلام آباد: وطن عزیز میں آج یوم پاکستان انتہائی سادگی سے منایا جارہا ہے، صدر ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ کورونا کا مقابلہ عوام نے متحد ہوکر کرنا ہے جب کہ وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں عالمی وبا کی روک تھام سے متعلق اقدامات کی نگرانی خود کررہا ہوں، عوام ہیجان کا شکار نہ ہوں۔
تجدید عہد وفا کا دن، 23مارچ کا تاریخی لمحہ، یوم پاکستان کے سلسلے میں کرنل شیر خان شہید اسٹیڈیم پشاور میں نماز فجر کے بعد سادہ تقریب ہوئی۔ کرونا وائرس کے باعث یوم پاکستان کے سلسلے میں ہونے والی تمام تقریبات منسوخ کردی گئی ہیں۔ صدر مملکت عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ کورونا وبا کے باعث آج اقوام عالم مشکل وقت سے گزر رہی ہے، متحد ہو کر اس کا مقابلہ کریں۔ علما، میڈیا اور سیاسی رہنماؤں کی ذمے داری ہے کہ وہ عوام کو احتیاطی اقدامات پر آگاہی دیں۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کشمیری عوام کو یقین دلاتے ہیں پاکستان ان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ عالمی وبا کی روک تھام سے متعلق اقدامات کی نگرانی خود کررہا ہوں۔ عوام سے اپیل ہے وہ ہیجان کا شکار نہ ہوں اور احتیاطی تدابیراختیار کریں۔ وزیراعظم نے کہا کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے قوم میں اتحاد، نظم وضبط ضروری ہے، حکومت کے پاس مشکل پر قابو پانے کی مکمل صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔