کورونا وبا دُنیا بھر میں 3 لاکھ 57 ہزار زندگیاں نگل گئی

واشنگٹن: دنیا میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 3 لاکھ 57 ہزار سے تجاوز کرگئی، وبا متاثرین 58 لاکھ کے قریب پہنچ گئے۔
امریکا اور یورپ کے بعد اب لاطینی امریکا مہلک وائرس کی لپیٹ میں آگیا۔ برازیل میں وبا سے مزید 1148 ہلاکتوں کے بعد تعداد 25 ہزار 697 ہوگئی، میکسیکو میں مزید 501 افراد لقمہؑ اجل بنے، ہلاکتیں 8 ہزار 134 ہوگئیں۔
چلی میں مزید 35 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، تعداد 841 ہوگئی، امریکا میں مزید 1535 افراد جان سے گئے، اموات ایک لاکھ 2 ہزار 107 ہوگئیں اور برطانیہ میں 412 افراد لقمہؑ اجل بنے، تعداد 37 ہزار 460 ہوگئی۔ برطانیہ نے سفری پابندیوں کے باعث شمالی کوریا میں اپنا سفارت خانہ بند کرکے سفارتی عملہ واپس بلالیا۔
امریکا بدستور کورونا سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں مریضوں کی تعداد 17 لاکھ 46 ہزار تک پہنچ چکی ہے، برازیل 4 لاکھ 15 کیسز کے ساتھ دوسرے اور روس 3 لاکھ 70 ہزار کیسز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔