کراچی: بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس ملک میں زبردستی پھیلایا گیا، جس کی ذمے دار وفاقی حکومت ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سندھ اسمبلی آڈیٹوریم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس ناصرف پھیلا گیا بلکہ زبردستی پھیلایا گیا، وزیراعلیٰ سندھ اور کارکنوں نے کورونا وبا کو کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات کیے لیکن وفاقی حکومت نے کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کی سندھ حکومت کی کوششوں کو سبوتاژ کیا، جو فیصلے کیے اس کے ذریعے ہماری خودمختاری نہیں رہی، کراچی میں ہسپتالوں کے بھرنے کا ذمے دار کسے ٹھہراؤں، کسی کو تو ذمے داری اٹھانی پڑے گی۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وفاقی حکومت عوام کو بے وقوف بنارہی ہے اور عوام کو غلط معلومات دی جارہی ہیں، عوام کو غلط معلومات دینے والوں کے خلاف ایف آئی آر کاٹنی چاہیے، وفاقی حکومت رویہ درست کرے، اس نے عوام کی صحت و زندگی کو خطرے میں ڈال دیا، وزیراعظم تاجروں اور کاروباری لوگوں سے ملتے ہیں لیکن ایک دفعہ بھی ڈاکٹرز اور طبی عملے سے نہیں ملے۔
بلاول کا کہنا تھا کہ کورونا وبا کے دوران اسٹیل ملز سے 10 ہزار مزدوروں کو فارغ کرنا انسانیت کے خلاف ہے، اس فیصلے کو ہر فورم پر چیلنج کریں گے، ٹڈی دل کے مسئلے پر سندھ کو لاوارث چھوڑ دیا گیا۔