کورونا سے پی ٹی آئی کی رُکن پنجاب اسمبلی شاہین رضا جاں بحق

گوجرانوالا: پی ٹی آئی کی رکن پنجاب اسمبلی شاہین رضا کورونا کا شکار ہوکر جاں بحق ہوگئیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی شاہین رضا کورونا کا شکار ہوکر جاں بحق ہوگئی ہیں، ڈپٹی کمشنر گوجرانوالا سہیل اشرف نے اس کی تصدیق کردی ہے۔
ڈپٹی کمشنر گوجرانوالا سہیل اشرف کا کہنا ہے کہ شاہین رضا کی 4 روز قبل طبیعت ناساز ہوئی۔ حالت بگڑنے پر انہیں علاج کے لیے ڈی ایچ کیو شفٹ کیا گیا جہاں وہ وینٹی لیٹر پر تھیں، جس کے بعد انہیں لاہور منتقل کیا گیا جہاں وہ دم توڑ گئیں۔
دوسری جانب محکمہ صحت پنجاب کے حکام کا کہنا ہے کہ مرحومہ کی میت ضروری کارروائی کے بعد گوجرانوالا منتقل کی جائے گی۔
یاد رہے کہ شاہین رضا گوجرانوالا ضلع سے پی ٹی آئی کی واحد رکن پنجاب اسمبلی تھیں، اس سے قبل اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سمیت کئی اہم شخصیات کورونا کا شکار ہوچکی ہیں، ملک میں کورونا کا شکار کسی منتخب رکن اسمبلی کی یہ پہلی ہلاکت ہے۔