کراچی: معروف شو ہوسٹ اور اداکارہ ندا یاسر اور اداکار و ہدایت کار یاسر نواز نے انسٹاگرام پر لائیوسیشن کے دوران چند تجاویز اور دیسی ٹوٹکے شیئر کیے ہیں جنہیں استعمال کرکے کورونا وائرس ہونے کی صورت میں خود کو صحت مند رکھا جاسکتا ہے۔
ندا یاسر، یاسر نواز اور ان کی بیٹی تینوں ہی کورونا کا شکار ہوگئے ہیں اور گزشتہ 13 دنوں سے اپنے گھر میں خوداختیار کردہ تنہائی یعنی قرنطینہ میں وقت گزار رہے ہیں۔ لیکن اس دوران ندا اور یاسر لوگوں سے دور نہیں ہیں بلکہ سوشل میڈیا کے ذریعے اپنی صحت اور سرگرمیوں کے حوالے سے آگاہی دے رہے ہیں۔
ندا اور یاسر نے دو روز قبل قرنطینہ کے دوران اپنی شادی کی 18 ویں سالگرہ منائی جس کی وڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کی یادگار شادی کی سالگرہ ہے۔
دونوں نے انسٹاگرام پر لائیو سیشن کے دوران اپنے پرستاروں کو ناصرف اپنی سرگرمیوں سے آگاہ کیا بلکہ کورونا وائرس ہونے کی صورت میں خود کو صحت مند رکھنے کی ٹپس بھی بتائیں۔
ندا اور یاسر نے بتایا کہ انہوں نے قرنطینہ کے دوران ایئر کنڈیشن کا استعمال کم کردیا ہے۔ وہ دونوں اپنی صحت کی بہتری کے لیے کلونجی، وٹامن سی کی گولیاں کھارہے ہیں، زنک لے رہے ہیں، ہربل چائے، دارچینی، ادرک کی چائے اور لیموں پانی پی رہے ہیں اور جتنے بھی دیسی ٹوٹکے ہیں ہم نے وہ سب استعمال کیے۔
ندا نے مزید کہا کہ وہ اس حوالے سے مزید چیزیں اپنے مارننگ شو میں بھی شیئر کریں گی کہ کورونا ہونے کی صورت میں کیا کیا استعمال کرنا چاہیے اور کس طرح اپنا خیال رکھنا چاہیے۔