کراچی: محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے بعد سندھ میں موسم تبدیل ہونا شروع ہو گیا ہے،ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ مشرقی سندھ میں ہوا کا کم دباؤ اثر انداز ہونا شروع ہو گیا ہے، تھرپارکر اور ملحقہ علاقوں میں بارش شروع ہو گئی۔ انھوں نے کہا کہ شہر قائد میں آج شام سے بارش کا آغاز ہوگا، شہر میں بارش سے قبل گرد آلود آندھی چلے گی، آندھی کے بعد گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی۔ جبکہ بارش کا سلسلہ پرسوں صبح تک جاری رہے گا، کراچی میں 50 ملی میٹر تک بارش ہو سکتی ہے، تاہم گرمی کی شدت میں کمی بدھ کی شام سے ہوگی، بدھ کی شام کو ہوا کا کم دباؤ ختم ہونے سے سمندری ہوائیں بحال ہو جائیں گی۔
شہر میں آج دن کے اوقات میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، شام میں مون سون سسٹم سے آندھی اور بارش کا امکان ہے، سمندر میں موجود ہوا کے کم دباؤ سے سمندری ہوائیں معطل ہیں، شمال مغربی ہوائیں 18 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، آج درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، جب کہ موجودہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔