چین نے 10 فوجیوں کی رہائی کے بھارتی دعوے کو مسترد کردیا

بیجنگ: چین کا کہنا ہے کہ ہم نے کسی بھارتی فوجی کو تحویل میں نہیں لیا تھا اس لیے 10 اہلکاروں کی رہائی بے بنیاد اور جھوٹا دعویٰ ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق چین نے بھارتی فوج کے 2 افسران اور 8 اہلکاروں کی رہائی کے بھارتی میڈیا کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہماری قید میں انڈین آرمی کا کوئی ایک بھی اہلکار نہیں تھا۔ بھارت جھوٹے اور بے بنیاد دعووں سے باز رہے۔
چین کے وزارت خارجہ کے ترجمان زاہو لیجیان نے میڈیا سے گفتگو میں 10 بھارتی فوجیوں کی رہائی کی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ سچ اور جھوٹ نہایت واضح ہے، کوئی اہلکار ہماری قید ہی میں نہیں تھا تو رہائی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ اب بھارت پر ذمے داری عائد ہوتی ہے کہ وہ فوجیوں کی رہائی کے دعوے کو درست ثابت کرنے کے لیے شواہد پیش کرے، الزامات کے بجائے بھارت خطے میں امن کے لیے مذاکرات کا راستہ اپنائے۔