چینی ڈاکٹروں کی خصوصی ٹیم طبی سامان کے ساتھ پاکستان پہنچ گئی ، آئی ایس پی آر

راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق کورونا وائرس کے خلاف مدد کے لیے چینی ڈاکٹروں کی خصوصی ٹیم طبی سامان اور آلات کے ساتھ پاکستان پہنچ گئی۔
ٹیم دو خصوصی ایئر کرافٹ کے ذریعے پاکستان پہنچی جس کی قیادت میجر جنرل ہوآنگ کونگژن کر رہے ہیں۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے وفد کا استقبال کیا۔
یہ چینی ڈاکٹر کورونا وبا سے نبرد آزما ہونے اور متاثرہ مریضوں کے علاج کا تجربہ رکھتے ہیں۔ ٹیم دو ماہ پاکستان میں قیام کے دوران تعاون کرے گی۔
پاک فوج کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ چین کی حمایت ثابت کرتی ہے کہ پاکستان اور چین میں ہمیشہ کے دوست ہیں۔ دونوں ممالک نے ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔