تل ابیب: اسرائیل میں متعین چین کے سفیر ڈو وی متنازع دارالحکومت تل ابیب کے مضافاتی علاقے میں واقع اپنے گھر میں پُراسرار طور پر مردہ حالت میں پائے گئے۔
خبر رساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق چینی سفارت خانے کی ویب سائٹ کے مطابق اسرائیلی پولیس کے ترجمان نے چینی سفیر کی موت کی وجہ نہیں بتائی جن کی عمر 57 برس تھی اور وہ رواں برس فروری میں اسرائیل میں بطور سفیر تعینات ہوئے تھے۔
ترجمان نے کہا کہ معمول کی کارروائی کے مطابق پولیس یونٹس جائے وقوع پر موجود ہیں۔
ہاریٹز ڈیلی کے مطابق ابتدائی رپورٹس کے مطابق ڈو وی اپنے بستر پر مردہ حالت میں پائے گئے تھے اور ان کی لاش پر تشدد کے نشانات نہیں تھے۔
اسرائیلی اخبار کی رپورٹ میں ابتدائی طبی امداد کی خدمات انجام دینے والی سروس کا حوالہ دیا گیا جس کے مطابق ڈو وی کی موت کی وجہ دل کی تکلیف معلوم ہوتی ہے۔
ڈو وی اس سے قبل یوکرین میں سفارت کار کے طور پر فرائض انجام دے رہے تھے۔
وہ شادی شدہ تھے اور ان کا ایک بیٹا بھی ہے لیکن ڈو وی کی اہلیہ اور بیٹا اسرائیل میں ان کے ساتھ نہیں تھے۔
واضح رہے کہ ڈو وی کی موت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب امریکا کے سیکریٹری آف اسٹیٹ مائیک پومپیو کی جانب سے اسرائیل کے حالیہ دورے میں کورونا وائرس سے نمٹنے سے متعلق چین کے ردعمل پر تنقید کی گئی تھی۔
15 مئی کو جاری بیان میں چینی سفارت خانے نے مائیک پومپیو کے بیان کی مذمت کی تھی اور چین کی جانب سے کورونا وائرس کے بحران کو شروع میں چھپانے کے الزام کو مسترد کیا تھا۔