کراچی: حکومتِ سندھ نے چھوٹے تاجروں کو کاروبار کی مشروط اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق وزیراعلیٰ ہاؤس میں صوبے کی تاجر تنظیموں کے نمائندوں نے مراد علی شاہ سے ملاقات کی۔ اس دوران کاروباری سرگرمیوں پر لاک ڈاؤن کے اثرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعلیٰ سندھ مُراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ کے تمام چھوٹے تاجروں کو محصولات کی مد میں آسانیاں دیں گے، صوبائی محصولات کی وصولی میں درجہ بندی کے اعتبار سے مراعات دی جائیں گی۔ چھوٹے تاجروں کو آسان شرائط پر قرضے دلانے کے لیے بھی وفاق سے بات کروں گا۔
وزیراعلیٰ سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے تاجر وفد نے کہا کہ ایک ماہ سے زائد عرصہ ہوگیا، ہم گھروں میں بند ہیں،مراد علی شاہ سے مثبت ملاقات ہوئی اور انہوں نے اچھے انداز میں یقین دہانی کرائی، انہوں نے آن لائن کاروبار کی بات کی، وزیراعلیٰ نے کہا کہ پیر تک ضابطہ کار دے دیے جائیں گے، امید ہے جلد کراچی میں مارکیٹیں کھلیں گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں کاروباری سرگرمیوں سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے، جس کے تحت چھوٹے تاجر ہوم ڈیلیوری سروس کے تحت کام کرسکیں گے، وزیراعلیٰ سندھ نے تجویز دی کہ ہفتے کے دن بانٹ لیتے ہیں کہ کس روز کس سیکٹر کی دکانیں کھلیں گی، جس دن کپڑے کی دکانیں کھلیں اسی روز درزی اور ان سے منسلک دکانیں اوپن ہوںگی، اسی طرح جس روز اے سی کی دکانیں کُھلیں گی اسی دن الیکٹریشنز اور اے سی لگانے والوں کی دکانیں بھی کھلیں گی۔ انہوں نے صوبائی وزرا پر مشتمل کمیٹی قائم کردی، جس میں سعید غنی، ناصر شاہ اور امتیاز شیخ شامل ہوں گے۔