سندھ اسمبلی میں سینیٹ انتخابات کے لیے ووٹنگ کے دوران پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے تعلق رکھنے والے رکن اسمبلی خرم شیر زمان کی جیب میں موبائل فون کے الزام پر ووٹنگ روک دی گئی۔ خرم شیر زمان کے پاس موبائل فون کی نشاندہی پر پیپلز پارٹی کے اراکین نے احتجاج شروع کر دیا۔ شور شرابہ کے باعث ایوان میں پولنگ کا عمل روک دیا گیا۔دوسری جانب ذرائع کے مطابق اپوزیشن کا اعتراض ہے کہ حکومتی اراکین نے کیمرے والاپین استعمال کیا۔ حکومتی اراکین نے ووٹ ڈالنے کے لیے مختلف قلم استعمال کیے۔خِیال رہے کہ ریٹرننگ آفیسر نے ہدایت کی تھی تمام اراکین یہاں رکھے ہوئے پین استعمال کریں۔اراکین کی جانب سے ذاتی قلم استعمال کرنے پر الیکشن کمیشن حکام نے بھی اعتراض اٹھایا۔ ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے ذاتی قلم استعمال کرنے سے منع بھی کیا گیا۔