پی ٹی آئی کا 34 ہزار ووٹ لینے والا رہنما پیپلز پارٹی میں شامل

پي ٹی آئی کا 34 ہزار ووٹ لینے والا رہنما پیپلز پارٹی میں شامل ہوگیا ہے
پاکستان تحریک انصاف کراچی کے سابق جنرل سیکریٹری سردار عبدالعزیز سمیت دیگر رہنما پیپلز پارٹی میں شامل ہوگئے۔ سردار عبدالعزیز نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ پیپلز پارٹی کراچی ڈویزن کے صدر اور وزیر تعلیم سعید غنی اور پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔ سردار عبدالعزیز کلفٹن کے مشہور بار بی کیو ریسٹورنٹ کے مالک ہیں اور 2018 کے انتخابات میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 248 میں پیپلز پارٹی کے قادر پٹیل کے مقابلے میں 34 ہزار سے زائد ووٹ لئے تھے اور الیکشن ہار گئے تھے۔ سردار عبدالعزیز کے علاوہ افسر خان خٹک۔ کامران۔ مسلُم لیگ ن کے ملک اعجاز۔ زبیر علی شاہ اے این پی کے عبدالہادی سمیت سینکڑوں افراد نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔ اس موقعہ پر وزیر تعلیم سعید غنی نے کہا کہ وفاقی حکومت اور تین صوبائی حکومتوں کے مقابلے میں سندھ حکومت کی کارکردگی سب سے بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری عدلیہ سے استدعا ہے کہ وہ ہزاروں کی تعداد میں بے گھر ہونے والوں کے حوالے سے حکومت کو وقت دے تاکہ ان کی دوبارہ آبادکاری ممکن ہو سکے۔