لاہور: مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قلت اور عوام کو درپیش مشکلات پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پٹرول کا بحران حکومتی نظام کے مفلوج ہونے کی نشانی ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت پٹرولیم کمپنیوں کے ساتھ بیٹھ کر فوری حل نکالے، عوام کو سزا نہ دی جائے، پٹرولیم کے شعبے کے ساتھ ڈالر، معیشت اور گیس کے شعبے والی سنگین غلطی دہرائی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تاریخی کمی کے باوجود حکومت عوام کو ریلیف نہ دے سکی، عوام حیران ہیں کہ دنیا میں تیل کی قیمتیں منفی میں جاچکیں لیکن پاکستان میں تیل نایاب ہوچکا۔
صدر مسلم لیگ کا کہنا تھا کہ کورونا کے باعث ایک دوسرے سے فاصلے پر رہنے کی ضرورت کے دوران پٹرول کی قلت نے ہر جگہ عوام کے ہجوم لگا دیے ہیں، حکومت کی بدانتظامی اور نااہلی کا طوطی سر چڑھ کر بول رہا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پرائیویٹ کمپنیوں کو تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو دینے کی تلقین کررہے ہیں لیکن خود اس پر عمل نہیں کررہے، تیل کی قیمتوں میں تاریخی کمی کا فائدہ بجلی کی قیمتوں میں کمی کرکے عوام کو منتقل کیوں نہیں کیا گیا؟