واشنگٹن: کورونا وائرس سے نمٹنے والے فرنٹ لائن فائٹرز کو بسکٹس عطیہ کرنے والی پاکستانی نژاد نوعمر لیلیٰ خان کی خدمات کو سراہتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انہیں اعزاز سے نوازا۔
کورونا وائرس کے خلاف لڑنے والے ہیروز کو سراہنے کے لیے امریکا میں سرکاری طور پر ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں صدر ٹرمپ نے امریکی ریاست میری لینڈ سے تعلق رکھنے والی 10سالہ پاکستانی نژاد امریکی نوعمر لڑکی لیلیٰ خان کو طبی عملے اور فائر فائٹرز کو عطیہ دینے پر اعزاز سے نوازا۔
اس موقع پر لیلیٰ کی خدمات کے اعتراف میں ٹرمپ نے انہیں خود تعریفی سند عطا کی اور ان کے جذبے کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
امریکا میں جاری گرلز اسکاؤٹس کوکیز فنڈریزنگ مہم میں حصہ لینے والی لیلیٰ خان نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے خدمات پیش کرنے والے مقامی طبی عملے اورفائر فائٹرز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے گرلز اسکاوئٹس کوکیز (بسکٹ) کے 100 باکسز اور تشکر کے کارڈز پیش کیے تھے۔