نئی دہلی: وائٹ ہاؤس نے بھارتی صدر اور وزیر اعظم کو ٹوئٹر پر ان فالو کردیا۔
امریکی وائٹ ہاؤس کے سرکاری ٹوئٹر اکاؤنٹ نے بھارت کے صدر اور وزیر اعظم مودی کو ٹوئٹر پر ان فالو کردیا ہے۔
کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے اپنے ٹوئٹ میں وائٹ ہاؤس کی جانب سے صدر اور وزیر اعظم کو ان فالو کرنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزارت خارجہ اس فیصلے کا فوری نوٹس لے۔ واضح رہے کہ وائٹ ہاؤس کی جانب سے ابھی تک اس اقدام کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی ہے۔
واضح رہے کہ تین ہفتے قبل امریکی ایوان صدر وائٹ ہاؤس کے سرکاری ٹوئٹر اکاؤنٹ سے بھارت کے صدر اور وزیر اعظم مودی کو فالو کیا گیا تھا۔ اس وقت مودی دنیا کے واحد غیر امریکی عالمی لیڈر تھے جنھیں ٹوئٹر پر وائٹ ہاؤس فالو کررہا تھا تاہم تین ہفتے بعد ہی وائٹ ہاؤس نے بھارتی سربراہان مملکت کو ان فالو کردیا۔