لاہور: اسلام آباد میں ٹریفک حادثہ اور جعلی کرنسی میں ملوث بھارتی ہائی کمیشن کے دو اہل کاروں کو بھارت واپس بھیج دیا گیا۔
دونوں اہل کار واہگہ بارڈر کے راستے بھارت چلے گئے ہیں جب کہ ان کے ہمراہ بھارتی سفارت خانے کے سیکنڈ سیکریٹری اورایئر ایڈوائزر بھی گئے ہیں جنہیں موجودہ پاک بھارت تناؤ سے متعلق مشاورت کے لیے نئی دہلی میں طلب کیا گیا ہے۔
بھارتی سفارت خانے کے دو اہل کاروں سلوادیس پال اور دواموبراہموس کو اسلام آباد پولیس نے گزشتہ ہفتے گرفتار کیا تھا تاہم چند گھنٹوں بعد انہیں رہائی مل گئی تھی۔ ان اہل کاروں کو دوران سفر ایک شہری کو گاڑی کی ٹکر سے زخمی کرکے فرار ہونے اور جعلی کرنسی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔
بھارتی سفارت خانے کے اہل کاروں کی تلاشی کے دوران 10 ہزار روپے کی جعلی کرنسی برآمد ہوئی تھی جس پر انہیں ناپسندیدہ قرار دے کر پاکستان چھوڑنے کا کہا گیا تھا۔
بھارتی سفارت خانے کے دونوں اہل کار پیر کی صبح واہگہ بارڈر پہنچے، ان کے ساتھ بھارتی سفارت خانے کے دو سینئر آفیشلز گروپ کیپٹن مانومیڈھا اور سیکنڈ سیکریٹری شیوکمار بھی شامل تھے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق دونوں سینئرآفیشلز کیپٹن مانومیڈھا اور شیوکمار کو موجودہ پاک بھارت تناؤ کے حوالے سے مشاورت کے لئے نئی دہلی میں طلب کیا گیا ہے اور وہ چند روز میں واپس آجائیں گے۔