والد کا علاج جاری، کورونا کے باعث سرجری ملتوی ہوئی، مریم نواز

لاہور: مریم نواز نے کہا ہے کہ ان کے والد نواز شریف کا علاج جاری ہے، ان کی کورونا کے باعث سرجری ملتوی ہوئی۔
ٹوئٹر پر صارف کی جانب سے نواز شریف کی صحت کی تازہ ترین صورت حال سے متعلق سوال کے جواب میں (ن) لیگ کی رہنما مریم نواز نے کہا کہ میاں صاحب کی سرجری کورونا کے باعث ملتوی ہوئی ۔ ڈاکٹرز کے مطابق وہ ہائی رسک مریض ہیں اس لیے ہر طرح کی احتیاط لازم ہے۔ ان کا علاج جاری ہے۔ آپ سب رمضان کریم کی خصوصی دعاؤں میں ان کو یاد رکھیں۔
مریم نواز نے کہا کہ آج ہم ان تمام افراد کو سلام پیش کرتے ہیں جن کا خون پسینہ ہماری زندگیوں کی روانی کا باعث ہے۔ کورونا کی وجہ سے سب سے زیادہ متاثر ہمارا مزدور طبقہ ہوا ہے۔رمضان کے بابرکت مہینے میں جب اللہ تعالیٰ کی رحمتیں سمیٹنے کا وقت ہے تو نیکیوں میں سب سے عظیم نیکی مخلوق خدا کی تکلیف دور کرنا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ اپنے فضل و رحمت سے سب کواس مشکل سے نکالے، یہ دن میں ان لوگوں کے نام کرتی ہوں جو اس وبا کے دوران اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں اور تکلیف میں مبتلا انسانیت کی خدمت کر رہے ہیں۔ آپ سب کو سلام!